کنداپور 8؍جولائی (ایس او نیوز)خاندانی جائدادکے متعلق ایک عرصے سے چل رہے تنازعے کے پس منظر میں تین سال قبل گھر کو آگ لگانے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنس کورٹ میں ان پر جرم ثابت ہونے کے بعد عدالت نے دونوں کو 6سال قیدبا مشقت کی سزا سنائی ہے۔
عدالت سے سزا پانے والے افراد کے نام راجیش شیٹی عر ف راجیندرا (35سال) اور راگھویندرا شیٹی بتائے جاتے ہیں جوکہ تھیگارسے گاؤں کے رہنے والے ہیں۔سیشنس جج پرکاش کھاندیری نے ان پر قید بامشقت کے علاوہ 60ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے جس میں سے 45ہزار روپے کوشلا شیٹی کو ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے جس کے گھر کو آگ لگائی گئی تھی۔
بتایا جاتا ہے کہ یہ واقعہ22اپریل2015 کو اس وقت پیش آیا تھا جب کوشلا شیٹی کے بیٹے کی شادی کے لئے وہ لوگ اپنے گھر سے باہر گئے ہوئے تھے۔ اس سلسلے میں بیندورپولیس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا تھا۔جس کے بعد بیندور اسٹیشن کے انسپکٹر سنتوش کائیکنی نے تحقیقات کرتے ہوئے مذکورہ دونوں ملزمین کو گرفتار کیا تھا۔